منگلورو،2؍اکتوبر(ایس او نیوز) اترپردیش کے ہاتھرس میں نوجوان دلت لڑکی کی عصمت دری اور قتل کے بعدلڑکی کے والدین کی اجازت کے بغیر اس کی لاش کو پولیس کے ذریعے نذر آتش کرنے پرجنوبی کینرا ضلع کانگریس کی طرف سےمذمتی اجلاس اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
منگلورو میونسپل کارپوریشن کے سامنے نصب گاندھی جی کے مجسمے کے روبرو منعقدہ اجلاس میں جلتی موم بتیاں تھامے ہوئے مظاہرین نے مجرموں کو فوراً موت کی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یوا کانگریس کے ضلع صدر متھن رائے نے کہا کہ ’ٹھاکر طبقے سے وابستہ چاروں ملزموں کو فوری طور پر پھانسی کی سزا دینا چاہیے۔ وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ کے ذریعے جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ ان کو اقتدار میں بنے رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
انہوں نے یوپی میں راہل گاندھی کو متاثرہ افراد سے ملنے کی اجازت نہ دینے اور ان کے راستے میں رکاوٹ ڈالے جانے کی بھی کڑی مذمت کی ۔جو لوگ عصمت دری کے مجرموں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں وہ کبھی حقیقی معنے میں ہندو ہونہیں سکتے ۔عوام ایسے لوگوں کو ضرور سبق سکھائیں گے۔